لاہور (نمائندہ عکس) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ کام کس نے کیا اور انتقام کس نے لیا، ہم سیاست میں رواداری اور احترام کے قائل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے این اے 171 بہاولپور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نعیم الدین وڑائچ کی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا کہ بہاولپور سمیت ہر حلقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائیں گے جبکہ خیر پور ٹامیوالی میں ریسکیو 1122 کا سنٹر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں بنیادی سہولتوں کی بہتری کیلئے کام کریں گے اور سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ ن لیگ کے طرح انتقامی سیاست کبھی کی نہ آئندہ کریں گے، انتقام نہیں بلکہ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ کام کس نے کیا اور انتقام کس نے لیا، ہم سیاست میں رواداری اور احترام کے قائل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، عمران خان کے ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے، ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔ دوسری جانب نعیم الدین وڑائچ کا کہنا تھا کہ آپ کے کام پنجاب کے عوام کیلئے ایک مثال بن چکے ہیں، آپ کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا۔