ہمایوں اختر خان

(ن) لیگ کی گلگت بلتستان انتخابات میں بد ترین پوزیشن ریاست مخالف بیانیے کا نتیجہ ہے’ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخاباب کے نتائج سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں، انشااللہ پانچ سال کی مدت پوری کرنے کے بعد آئندہ عام انتخابات میں وفاق سمیت چاروں صوبوں میں بھی واضح اکثریت سے حکومتیں بنائیں گے، کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا تو یہ موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہو گی اور اس کے بعد کوئی ملک کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکے گا ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میںایک حلقہ جو قومی سلامتی کے ادارے کو متنازعہ بنانے کے درپے ہے اسے اب تک کی اپنی منفی کوششوںمیںکامیابی نہیںمل سکی، اگرکوئی یہ کہتا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی بد ترین پوزیشن اس بیانیے کی وجہ سے نہیں تو یہ اپنی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ، جو اس بیانیے کو لے کر چل رہے ہیں انہیںاب قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں حکومت کی سطح پر کرپشن کا کوئی وجود نہیں اور یہ ہماری بڑی کامیابی ہے ، انشا اللہ کرپشن کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اوریہی اقدام ملک کی ترقی کی بنیاد بنے گا ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درپیش پہاڑ جیسے چیلنجز سے چھٹکارا دلانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور خدا کی ذات انہیں کامیابیاں عطا کر رہی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں