ماسکو(عکس آن لائن)روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کا دفاعی اتحاد نیٹویوکرین میں جاری جنگ کو دنیا کے دیگر حصوں خصوصا ایشا و بحرالکاہل کے خطے تک پھیلانا چاہتا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیر کو چین کی سب سے بڑی سالانہ فوجی سفارت کاری تقریب بیجنگ شیانگ شان فورم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مغرب کا یہ طرز عمل عالمی سلامتی کے اصول کی خلاف ورزی ہے جبکہ روس اور چین دونوں عالمی سلامتی کے اصول کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو کی اس مقصد میں کامیابی کی صورت میں ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک کی اس تنازعے میں شمولیت جوہری خطرات میں اضافہ کر دے گی۔ روسی وزیر دفاع نے کہا کہ مغربی ممالک اس وقت ایشیا و بحرالکاہل کے خطے میں اپنی افواج کی تعیناتی کے بہانے تلاش کررہے ہیں۔اس کی بنیاد پر ایک مشترکہ یورو-اٹلانٹک اور ہند-بحرالکاہل سیکورٹی اتحاد تشکیل دیا جائے گا، جو ایشیا میں نیٹو کے فوجی اڈوں کی موجودگی کا جواز پیش کرے گا۔
اس طرح کا نقطہ نظر متحد ہ سلامتی کے اس اصول کو بڑی حد تک نقصان پہنچائے گا جس کو روس اور چین فروغ دے رہے ہیں اور جسے چینی صدر شی جن پنگ مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک روس چین تعلقات میں دلچسپی لے رہے ہیں اور ہمارے دوست اور ہم خیال ممالک جو مغربی ممالک کے تصادم کے ایجنڈے سے گریزاں ہیں کا حلقہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔واضح رہے کہ ایشا پیسفک خطے میں اس وقت تائیوان اور شمالی کوریا کے مسائل پر پہلے ہی کشیدگی موجود ہے ۔