سربراہ لاہور پولیس

نیو ایئر نائٹ پر301قانون شکن عناصر گرفتار،متعلقہ تھانوں میں 270 مقدمات درج کئے گئے،سربراہ لاہور پولیس

لاہور(عکس آن لا ئن)سر براہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے نئے سال میں بھی تمام تر دستیاب وسائل،جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائے گی۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے نیو ایئر نائٹ پر دیگر سینئر افسران کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے رات گئے شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی ۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے نیو ایئر نائٹ پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر لاہور پولیس کوشاباش دی ہے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی،تمام ایس پیز اور سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔سی سی پی او لاہور نے ایس پی ڈولفن سکواڈسمیت لاہور پولیس کے تمام افسران اور جوانوں کو بھی شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ اور مربوط سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے نیو ایئر نائٹ پر امن گزری۔حالات مکمل طور پر پرامن رہے،کسی قسم کا کوئی جانی نقصان اور ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔غلام محمود ڈوگر نے مذید کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو،ٹریفک پولیس،اینٹی رائٹ فورس سمیت تمام پولیس یونٹس نے بہترین حکمت عملی اپنائی۔لاہور پولیس کے مربوط سکیورٹی انتظامات ، موثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کی وجہ سے نیو ایئر نائٹ پر ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ اور دیگر سماج دشمن سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں۔

نیو ایئر نائٹ پر قانون شکنی کے مرتکب عناصر کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔نیو ایئر نائٹ پر لاہور پولیس نے قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لیا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نیو ایئر نائٹ پر مجموعی طور پر 301قانون شکن عناصر گرفتارکرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 270 مقدمات درج کئے گئے۔ہوائی فائرنگ پر 143،ون ویلنگ پر 73،آتش بازی پر19جبکہ شراب نوشی پر 61 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ہلڑ بازی،خواتین سے چھیڑ خانی اور ہراساں کرنے پر 03 ملزمان گرفتار کئے گئے۔سنیب چیکنگ کے دوران قانون شکنی پر 60 سے زائد موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے 101 پسٹل،07بندوقیں،13رائفل اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں