اسلام آباد (عکس آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے ،آئسولیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد سب کچھ پس پشت رہ جائے گا۔ اپنے بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ وہ مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر مایہ ناز ایتھلیٹ کو اپنے ملک کی نمائندگی سے قبل ایک مخصوص ماحول درکار ہوتا ہے کہ جہاں وہ کھیل کے آغاز سے قبل اپنی تیاری مکمل کرسکے ، ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم ایسے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتاہے کہ بعض قواعدوضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طورپر متاثر کیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آئندہ 2 روز میں جب ہم اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے یہاں سے روانہ ہوں گے تو یہ سب کچھ پس پشت رہ جائے گا اورپھر اس وقت ہماری تمام تر توجہ دونوں طرز کی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہونیپر مرکوز ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے اور حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ ٹیسٹ کی دوسری اور ٹی ٹونٹی کی چھٹی بہترین ٹیم ہے۔ہیڈ کوچ نے کہاکہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ہم نے انہی لڑکوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا جو گزشتہ چند عرصے سے متواتر ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کرکٹ کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں،یہاں کے تماشائی بھی بہت حوصلہ افزائی کرتے ہیں، خواہش ہے کہ ان کا منتخب کردہ اسکواڈ ان کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام کھلاڑیوں کے پیچھے کھڑے ہیں اور ہم ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے، ان کھلاڑیوں کوبھی اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور یقین کرنا ہوگا۔