تل ابیب(عکس آن لائن)نیوزی لینڈ منگل کے روز ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا جنہوں نے اسرائیلی الزامات کے بعد اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی کو فنڈنگ روک دی ہے۔
اسرائیل نے ایجنسی کے کچھ افراد کے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کو ان الزامات کی تحقیقات ہونے تک فنڈنگ روک دی ۔
لکسن نے بتایاکہ الزامات ناقابلِ یقین حد تک سنگین ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ انہیں صحیح طریقے سے سمجھا جائے اور ان کی تحقیقات کی جائیں۔لکسن نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ یو این آر ڈبلیو اے کے لیے مزید کوئی تعاون نہیں کرے گا جب تک کہ وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز ایسا کرنے کی منظوری نہ دیں۔لکسن نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایجنسی کو سالانہ فنڈنگ میں تقریبا 1 ملین نیوزی لینڈ ڈالر (613,260 امریکی ڈالر) فراہم کر رہا ہے۔