نارووال(عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 8ارب روپے کی لاگت سے نیشنل نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے غذائیت کی کمی کے مسئلے سے نمٹا جائے گا۔وہ نارووال میں شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی سہولت کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اہلیان نارووال کیلئے اس سہولت کی فراہمی پر نیسلے پاکستان لمیٹڈ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پینے کے صاف پانی کی قلت ہیپاٹائٹس کے پھیلائو کی وجوہات میں شامل ہے،وزیراعظم نے 8ارب روپے کی لاگت سے نیشنل نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے غذائیت کی کمی سے نمٹا جائے گا،پینے کے صاف پانی اور متوازن غذائیت پرتوجہ مرکوز کر کے ہی ہم قوم کو صحت مند بنا سکتے ہیں،نیسلے فار ہیلدی کڈ پروگرام کو ہر سکول تک لے کر جانا چا ہیے ۔
انہوںنے کہاکہ نارووال میں متعلقہ محکموں سے پینے کے پانی کے ٹیسٹ کروائیں گے تاکہ ہمیں معلوم ہوسکے کہ ہمارے لوگ جو پانی پی رہے ہیں وہ ان کی صحت کیلئے کیسا ہے،اپنے لوگوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے ہمیں صاف پانی اور غذائیت پر توجہ مرکوز کرنی چا ہیے۔
وفاقی وزیر نے کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام کے تحت نیسلے پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے پرانی کچہری روڈ پر پاسپورٹ آفس کے سامنے کلین اینڈ سیف ڈرنکنگ واٹر فیسلٹی کے باقاعدہ افتتاح کی تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس فیسلٹی میں روزانہ 10ہزارافراد کو 24ہزار لیٹر صاف پانی فراہم کیا جائے گا ۔اس موقع پر نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے کنٹری مینجر جیسن ایون سینا نے کمپنی کی جانب سے کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ہراجیکٹس بارے بتایا۔