لاہور( عکس آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور شریف خاندان کے افراد کی کرپشن کیسز میں با عزت بریت سے ثابت ہو گیا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے سیاسی بغض میں جعلی اور بے بنیاد کیسز بنائے ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور شریف خاندان کے افراد جھوٹے کیسز میں جیلیں بھگت کر آچکے ہیں لیکن انہوں نے کبھی بھی عمران خان سے سیاسی انتقام لینے کی بات نہیں کی ،پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے حلقے کے اکابرین اور پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مبشر اقبال نے کہا کہ عمران خان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ، اسے سیاست میں زبردستی لانچ کیا گیا جس کا نتیجہ تباہی و بربادی کی صورت میں پوری قوم کے سامنے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہے ، جس نے بھی اس پر احسان کیاہے وہ اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا ، پرویز الٰہی کے قریبی لوگوں نے بھی انہیں متنبہ کیا ہے کہ آپ بھی عمران خان کے شر سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختوانخواہ میں دس سال سے بر سر اقتدار ہے وہاں پر کیا تبدیلی آئی ہے ، پنجاب میں گڈ گورننس کی بجائے کرپشن کے ریکارڈ توڑے گئے ، 12کروڑ عوام کے خوشحال صوبے کو تجربہ گاہ بنا دیا گیا جس کا عوام ان سے انتخابات میں حساب لیں گے۔