اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کرکے احتساب پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ صرف وہی ترمیم کریں گے جو پاکستانی عوام کے حق میں ہو۔
(ن)لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے ادوار میں ترمیم نہیں کرسکے۔ پلی بارگین اور رضاکارانہ رقم کی واپسی کو ختم نہیں ہو نا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار فروغ نسیم نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی واضح کر چکا ہوں کہ احتساب کو ختم نہیں کرنا تاہم اس کے غلط استعمال کو ختم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے غلط استعمال اور احتساب کو سیاسی یا کسی اور انتقام کے لئے استعمال ہونے کو روکنا ہے۔
جتنی بھی ترامیم ہوئی ہیں یا مزید ہوں گی وہ اسی جذبہ کے تحت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پلی بارگین اور رضاکارانہ رقم کی واپسی کی شق ختم نہیں ہونی چاہیئے اگر یہ شق غلط مقصد کے لئے استعمال ہو رہی ہے تو ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا بھی نہیں ہونا چاہیئے کہ کوئی شخص رضاکارانہ طور پر رقم واپس کرے اور دوبارہ نوکری پر بحال ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون ہے یا کوئی اور قانون ہے تو اس میں ترمیم پاکستان کے عوام کی فلاح وبہبود کو سامنے رکھ کر ہی کرنی ہے۔ شاہد خاقان عباسی ہمارے بھائی ہیں اور ان کی گائیڈلائنز اور تجاویز ہمارے سر آنکھوں پر ہے لیکن ہم نے وہ ترامیم کرنی ہیں جو پاکستان کے حق میں ہوں۔