لاہور (عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے بیان کہ” احتجاج کر نے اور بل جلانے سے بجلی سستی نہیں ہوگی،آئی ایم ایف نے حکومت کو دو ٹوک جواب دیا ہے .
کہ بجلی کے بل جتنے بھی آئیں ادائیگی کرنا پڑے گی” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدترین غلامی کی بدترین مثال ہے،پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور موجودہ نگران حکومت سب آئی ایم ایف کے پٹھو بن چکے ہیں، 2ستمبر کی ہڑتال ظلم کے خلاف ہے عوام اپنے حقوق کے لئے ہمارا ساتھ دیں،جب تک یہ غلام ابن غلام حکمران ملک و قوم پر مسلط ہیں اس وقت تک عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آ سکتی۔
آج غریب سڑکوں پر مارے مارے پھیر رہے ہیں جبکہ اشرافیہ اور بر سرا قتدار لوگوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پیٹرول مزید مہنگا اور چینی کی قیمت300 روپے کلو ہونے کا اند یشہ ہے، 13جماعتوں کی سابق وفاقی حکومت کے دور میں چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے باعث ناصرف چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا بلکہ چینی کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں نے اربوں روپے کا فائدہ بھی حاصل کر لیا۔
چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے بعد گزشتہ مالی سال کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار 751 میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی، جس سے چینی کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں نے 10 کروڑ 45 لاکھ 16 ہزار ڈالرز یعنی تقریباً 30 ارب روپے کا فائدہ حاصل کیا۔ 5 ہزار ٹن سے زاید چینی ایکسپورٹ کی گئی، جس کا یہ نتیجہ نکلا کہ چند ہی ماہ میں ملک میں چینی کی اوسط قیمت90 روپے سے بڑھ کر 185 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔
محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ ٹریڈنگ اکنامکس کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نائیجیریا اور لائوس کو پیچھے چھوڑ کر مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں 18 جبکہ ایشیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔المیہ یہ ہے کہ ایک مرتبہ پھر سے مہنگائی کے مارے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں10 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کی نوید سنائی جا رہی ہے۔ ثابت ہو گیا ہے کہ نگران حکومت بھی پی ڈی ایم کی حکومت کا تسلسل ہی ہے۔