اسلام آباد (عکس آن لائن )نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو ہدایت کی ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے اور سمندر پار پاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے گفتگوکرتے ہوئے دی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسعود خان اور ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کو اپنے مشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور وزیراعظم سے خارجہ پالیسی کے ضمن میں ہدایات لیں۔ وزیراعظم نے دونوں سفارت کاروں کو اپنے مشن میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو موثر طور پر تواتر سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعظم نے دونوں سفارت کاروں کو بین الاقوامی سطح پر معاشی اشتراک کے نئے اور منفرد مواقع کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتکار ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کے تحت شروع کردہ منصوبوں کے لیے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے روڈ شوزکا انعقاد کریں۔
انہوں نے کہاکہ اورسیز پاکستانی ہمارا قومی اثاثہ ہیں ،پاکستانی سفارتخانے اورسیز پاکستانیوں کو قونصلر کی سطح پر درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے۔