کراچی(عکس آن لائن)پیار اور محبت کے جذبے سے آشنا نوجوان گلوکارحمزہ ملک کا نیا رومانوی پاپ سانگ ’’پیار یار‘‘ریلیز کردیا گیا، شانِ حیدر کی پیش کش اور پرمیش ادیوال کی ہدایات میں بننے والے اس رومانوی پاپ سونگ کو یوٹیوب سمیت دیگر اسٹریمنگ سروسز پر پریمیر کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
راحت فتح علی خان کے ساتھ ’اوجاناں‘ کے بعدحمزہ ملک نے نئے گانے نے اس وقت ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کررکھی ہے، حمزہ ملک کے نئے گانے سے پہلے اس کا مختصر ویڈپر مبنی ٹیزر بھی ریلیز کیا جاچکا ہے جس کے بعد ان کے سوشل میڈیا کے مداح ان کے گانے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ، تصوراتی دھماکے پر مشتمل محبت کے طاقتور ترین پاپ سونگ کی ویڈیو میں حمزہ ملک خود موجود ہیں، جبکہ اس کے مد مقابل صدف کنول ہیں۔گانے کی دھن سے لیکر شاعری اور مناظر تک سب ہی چیزیں دل میں اترنے والی ہیں۔
نئے گانے سے متعلق بات کرتے ہوئے حمزہ ملک نے کہا کہ جب سے اس گانے پر کام شروع کیا تھا تب سے اب تک میں اس گانے کو لیکر کافی پر امید اور پرجوش ہوں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید تھی کہ میں ایک ایسا گانابنارہاہوں جو سننے والوں کوالگ ہی احساس میں مبتلا کردیگا۔حمزہ ملک کانام انڈسٹری میں زیادہ پرانا نہیں ہے۔ سونیا اور ڈھولنا جیسے مقبول ترین گانوں نے انڈسٹری میں انہیں الگ مقام دلوایا ہے، ان کی دل اور روح میں اترنے والی آواز نے کم وقت میں ان کے مداحوں کی فہرست میں بے شمار اضافہ کیا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ مزید کم سے کم وقت میں وہ اگلے بڑے سپر اسٹار بن کر ابھریں گے۔