لاہور (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں اور انہیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ دنیا میں امن کے قیام کےلئے بھی نوجوانوں کا کردار اہم ہے، منفی سر گرمیوں کو ترک کرکے امن، موسیقی، روبا اور ثقافت کو ترجیح بنانے کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کو لاہور میں انٹرنیشنل سٹوڈنٹ ویب میں پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی شخصیت مختلف جوابات کا مجموعہ ہے اور انفرادی شخصیت کی طرح قوموں کا اجتماعی شعور بھی ہوتا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ جس معاشرے میں ذہنی دباﺅ، گھٹن اور نفرت ہو گی اس کا اظہار قومی سطح پر بھی ہو گا جو افراد امن پر یقین رکھتے ہیں ان کی اجتماعی سوچ بھی امن کی داعی ہو گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں مساوات کو فروغ دے کر ذہنی دباﺅ اور گھٹن کو کم کیا جا سکتا ہے، عدم مساوات افراد اور معاشروں میں کئی مسائل کی وجہ بنتا ہے اور عالمی حدت میں اضافہ موجودہ دور کابڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ بچوں اور نوجوان نسل کو عالمی حدت کے منفی اثرات سے آگاہ کرنا ہوگا جبکہ درخت کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب اور آکسیجن خارج کرکے حدت میں کمی کرتے ہیں اور صنعتوں میں اضافہ اور درختوں میں کیم عالمی حدت کی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستانی ثقافت کے دنیا بھر میں سفیر ہیں، پاکستانی نوجوانوں نے امدادی کاروائیوں میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کی خرابیوں کی بجائے مثبت پہلوﺅں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو منفی سر گرمیوں کی بجائے موسیقی، ادب اور ثقافت سے اپنی پہچان بنانا ہو گی