اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر منصوہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا ،عمل درآمد ، مانٹیرنگ پالیسی میں نوجوانوں کی شمولیت انتہائی ضروری ہے، نوجوان ہمارے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہو گی ۔
بدھ کو یوتھ ایکشن ایجنڈے پر پالیسی فورم کا وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عثمان ڈار ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان ، پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی ، پارلیمانی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کمیٹی شریک ہوئے ۔ اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ساری جدو جہد نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے ہے ، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ عمل درآمد ، مانٹیرنگ پالیسی میں نوجوانوں کی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔
اسد عمر نے کہاکہ نوجوان ہمارے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہو گی ، یوتھ کے لیے قرضہ جات کی فراہمی کا طریقہ کار انتہائی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے،پچاس ہزار نوجوانوں تک پہنچنا کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی ہے ، یوتھ کی شمولیت کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ ملک نوجوانوں کا ہے اور انکا مستقبل روشن کر نا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، عثمان ڈار یوتھ کے پروگرام کو لے کر انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے ۔