لاہور( عکس آن لائن ) مسلم لیگ (ض )کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کاپلیٹ لیٹس کائونٹ ہی این آر او تھا، نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ خود بھی رابطے میں تھے، پی ڈی ایم کی کچھ جماعتوں کا این آر او ہوچکا اورلانگ مارچ سے پہلے ہی پی ڈی ایم تتر بتر ہوجائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کائونٹ ہی این آر او تھا ۔اس سوال کہ نواز شریف کو این آر او کس نے دیا کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لازمی بات ہے کہ ان کی اسٹیبلشمنٹ سے بات ہو گی اور بعد میں خان صاحب بھی اس کا حصہ بن گئے ۔ عمران خان کے ہسپتال کے ڈاکٹرجو اس وقت صحت کے امور کے مشیر ہیں انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس گر رہے ہیں ۔ نواز شریف کے خون کے نمونے کی رپورٹ اور جو کاغذد یا گیا اس میں فرق تھا اور میں سو فیصد یقینی سے یہ بات کہہ رہا ہوں ، اعجاز الحق نے دعوی کیا کہ نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ خود بھی رابطے میں تھے، جیل اور ہسپتال کے اندر پیغامات آتے جاتے رہے۔ 80 کی دہائی میں نواز شریف لاڈلے جبکہ 90 میں تو بہت ہی لاڈلے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کچھ جماعتوں کا این آر او ہوچکا اور لانگ مارچ سے پہلے ہی پی ڈی ایم تتر بتر ہوجائے گی۔