ڈاکٹر یاسمین راشد

نواز شریف نے کس حیثیت میں پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ‘یاسمین راشد

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی (ن) لیگ پنجاب کو بادشاہت کی طرز پر چلا رہی ہے، مریم نواز اپنی کہی ہوئی بات کہ ہم حکمران خاندان ہیں کو سچ ثابت کر رہی ہیں۔

انسداددہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے والد سے پنجاب کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کروائی،انہوںنے ثابت کیا کہ وہ خود کو اور اپنے خاندان کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتی ہیں۔

سوال ہے ان کے والد نے کس حیثیت میں پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، نواز شریف ایک متنازعہ ممبر قومی اسمبلی ہیں، ان کی قومی اسمبلی کی متنازعہ سیٹ کا کیس عدالتوں میں ہے جس پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب سے ایک آئینی وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری جاری کروائے گئے،

وارنٹ گرفتاری جاری کر کے صوبوں میں تصادم کروانے کی کوشش کی گئی ہے،آج ملک میں افراتفری ، بے چینی اوربے یقینی کی صورتحال ہے، عدلیہ سے امید ہے کہ وہ ان حالات پر نوٹس لے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں