لندن (عکس آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر انتقال کر گئیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شمیم اختر کے انتقال کی اطلاع دی
۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں،سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا جہاں نواز شریف علاج کے لیے موجود ہیں جب کہ شہباز شریف اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں۔
ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ شمیم اختر کی میت پاکستان لانے یا نہ لانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں لمبے سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔