لاہور( عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے جس نے ملکی دفاع مضبوط بنایا ہوتا ہے اسے جلاوطن کردیا جاتا ہے،نوازشریف اپنے والد کے سفر آخرت میں بھی میت کو کندھا نہیں دے سکے تھے آج نوازشریف اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کے سفر آخرت اور تدفین میں کیوں نہیں ہوں گے اس کا جواب ریاست اور ریاست کو چلانے والوں کو دینا ہوگا۔
جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول اور ایسا جبر کیوں ملک میں پیدا کردیا جاتاہے کہ لوگ اپنے پیاروں کی میت کو کندھا بھی نہیں دے سکتے ،پاکستان میں ایسا کیوں ہوتا ہے کہ قائداعظم علاج کے لئے کراچی آتے ہیں اوران کی گاڑی کا پٹرول ختم ہوجاتا ہے ،فاطمہ جناح سڑک پر بیٹھ کر بھائی کے منہ سے اپنے دوپٹے سے مکھیاںاڑا رہی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان اس جبر کیخلاف جدوجہد کرتے رہے ہیں اس اس جدوجہد میں وہ تختہ دار پر بھی پہنچے اور اسی جدوجہد میں جلاوطنی اور جیلوں کی زندگی بھی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں ،اسی جدوجہد میں نوازشریف بھی باہر رہنے پر مجبور ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ میں ابھی بہت وقت ہے ،اس جلسہ سے گھبرانے والوں کوگھبراتے رہنا چاہیے ،13دسمبر سمیت دیگر جلسوں کی ری شیڈولنگ کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی ،تدفین کے انتظامات کررہے ہیں جب انتظامات مکمل ہوجائیں گے تو آگا ہ کردیا جائے گا۔