ننکانہ صاحب (نمائندہ عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے صاف ستھرے ، سر سبز و شاداب اور خوبصورت پنجاب کے تسلسل میں صوبہ بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کا تیسرا ہفتہ شروع ہو گیا ہے جس کے دوران ضلع بھرکے تمام سرکاری دفاتر کی عمارات میں صفائی، احاطہ جات کی تزئین و آرائش اور ماحول دوست فضا کو ترویج دینے کی سرگرمیوں پر مشتمل ہے اور ان سرگرمیوں کی احسن تکمیل یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل افسران کومسلسل مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصوراحمد نے حکومت پنجاب کے پروگرام “خدمت آپکی دہلیز پر”کے جاری پروگرام کے سلسلہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پرپروگرام کے تیسرے ہفتہ میں ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل کونسلوں سمیت میونسپل ادارے اپنی متعلقہ سرکاری عمارات و احاطہ جات کی مکمل صفائی ، شہری علاقوں اور قصبوں میں معروف سڑکوں ، چوراہوں اور پبلک پارکس سمیت اہم مقامات پربہترین صفائی اور خوبصورتی کے انتظامات مکمل کریں گے۔ ڈپٹی کمشنرراجہ منصوراحمد نے مزید بتایا کہ میونسپل اداروں سمیت تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کواس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ خدمت آپ کی دہلیز پرپروگرام کے بنیادی مقاصد کو پوری طرح ملحوظ رکھتے ہوئے متعلقہ دائرہ کار میں عمدہ معیار کی صفائی و خوبصورتی کے انتظامات مکمل کئے جاسکیں۔