لاہور( عکس آن لائن )نمونیہ سے مزید 14بچے موت کے منہ میں چلے گئے ۔محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ پنجاب میں نمونیہ سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 275تک پہنچ گئی،پنجاب سے ایک روز کے دوران 872 نئے کیس سامنے آئے ،لاہور سے ایک روز کے دوران 202 بچے نمونیہ میں مبتلا ہوئے۔
اس کے علاوہ گوجرانوالہ ،بہاولپور سے چارچار،لاہور،منڈی بہائوالدین سے 2،2 اموات رپورٹ ہوئیں۔علاوہ ازیں سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کا ایک نیا مریض راولپنڈی میں سامنے آیا۔
نئے سال کے دوران پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کے کل 24 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض زیر علاج نہیں۔