برسبین(عکس آن لائن) نسیم شاہ میدان میں اترنے سے قبل ہی آسٹریلیا کے اعصاب پر سوار ہوگئے، کینگرو کرکٹ حلقوں میں کم عمر فاسٹ بولر کے چرچے ہونے لگے۔
لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کا آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو متوقع ہے، اگر وہ میدان میں اترے تو آسٹریلوی سرزمین پرٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر بن جائیں گے۔ اس سے قبل یہ اعزاز ای ین کریگ کو حاصل ہے جنھوں نے 1953 میں 17 برس کی عمر میں میلبورن میں ڈیبیو کیا اور نصف سنچری بنائی تھی۔نسیم کو صرف 7 فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ ہے،
آسٹریلیا اے سے سہ روزہ ٹور میچ کے دوران ہی ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا جسکی وجہ سے وہ غم سے نڈھال ہوگئے تھے، انھیں دوسرے روز آرام دیا گیا،اگرچہ وہ وطن واپس لوٹنا چاہتے تھے مگر انھیں کم سے کم 4 دن کا وقت لگتا، بھائیوں نے انھیں آسٹریلیا میں ہی رہتے ہوئے اپنے ملک کا نام روشن کرنے پر راضی کیا، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے خصوصی رعایت دیتے ہوئے انھیں ڈریسنگ روم میں ٹیم منیجر منصور رانا کے موبائل سے گھر والوں سے کسی بھی وقت بات کرنے کی اجازت دی۔تیسرے روز اگرچہ نسیم نے صرف8 اوورز کرائے مگر بولنگ نے آسٹریلوی ماہرین کو بھی دنگ کردیا، کینگرو کرکٹ حلقوں میں ان کے کافی چرچے ہورہے ہیں۔
ایک روز قبل میزبان پیسر پیٹ کمنز بھی کم عمری میں ان کے ممکنہ ڈیبیو پر حیرت ظاہر کرچکے ہیں۔بولنگ کوچ وقار یونس انھیں ڈینس للی سے تشبیہ دے رہے جبکہ ہیڈ کوچ مصباح انھیں سرپرائز پیکج قرار دے چکے ہیں۔