لاہور ( عکس آن لائن) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر نسیم شاہ نے 99 روز بعد اپنے مداح کو بلآخر جواب دے ہی دیا، مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی توجہ حاصل کرکے خوشی سے نہال ہوگئے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر فاسٹ باولر نسیم شاہ کی لبی نامی ایک ٹوٹر صارف و مداح گزشتہ 99روز سے ہر روز نسیم شاہ کی توجہ حاصل کرنے کے لئے انہیں ٹیگ کرکے ٹوئٹ کر رہی تھیں کہ کبھی تو ان کا جواب موصول ہوگا۔تاہم گزشتہ شام بلآخر نسیم شاہ نے مذکورہ ٹوئٹر صارف کو نوٹ کر ہی لیا اور انہیں جواب دے دیا، تاہم نسیم شاہ کو بھی اس بات پر حیرانی اور مکمل یقین نہیں کہ کوئی صارف ان کی توجہ حاصل کرنے کے لئے گزشتہ 99دنوں سے ہر روز انہیں ٹیگ کرکے ٹوئٹ کرتا ہے۔
نوجوان کرکٹر نے لبی نامی صارف کی ٹیگ کی ہوئی 99ویں پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور لکھا واقعی!۔دوسری جانب لبی نامی ٹوئٹر صارف اپنے من پسند کرکٹر کی جانب سے جواب حاصل کرکے خوشی سے نہال ہوگئیں اور نسیم شاہ کی جوابی ٹوئٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سنچری تو ابھی مکمل ہی نہیں ہوئی، میں تو 99پر ہی (رپلائی مل گیا)آئوٹ ہوگئی۔