لندن (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے،رواں مالی سال کے سات ماہ کی یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے ،سٹیٹ بنک کی یہ رپورٹ حکومتی معاشی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہی ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا نجی شعبے کا بنکوں سے قرض نہ لینا ثبوت ہے کہ ملک میں معیشت کا پہیہ رک چکا ہے ،13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری، کارخانہ تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی ،بجلی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، 15 فیصد مہنگائی معیشت کے لئے کرونا وائرس کی طرح مہلک ہے ،معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے ،کرپشن اورچوری میں اضافہ، نااہلی، نالائقی معاشی تباہی کی آگ پر تیل کاکام کررہی ہے ،معیشت کومے میں ہے، ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا زندہ بچنا مشکل ہوگا۔