اسلام آباد (عکس آن لائن) ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں اضافہ کے باعث نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پر وودہولڈنگ ٹیکس وصولیوں میں 35فیصد کمی ہوئی ہے۔ گذشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پروود ہولڈنگ ٹیکس محصولات 7.51ارب روپے رہے ہیں۔
لارج ٹیکس پیئرز یونٹ (ایل ٹی یو) کراچی کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے دوران اس مد میں 11.47ارب روپے ٹیکس وصول ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ٹیکس سال 2018ء اور 2019ء میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث کم ٹیکس وصول ہوا ہے کیونکہ ایکٹوٹیکس پیئرز (اے ٹی ایل) میں شامل نہ ہونے والے افراد کیلئے نان کیش بینکنگ ٹرانزیکشنز پروود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد ہے جبکہ اے ٹی ایل میں شامل افراد کو اس حوالے سے رعایت حاصل ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نان کیشن بینکنگ ٹرانزیکشنز پروود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں رعایت کیلئے اے ٹی ایل میں شمولیت ضروری ہے جس کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ضروری ہے۔ یہی وجہ یہ کہ ٹیکس سال 2018ء کے دوران گوشوارے جمع کرانے کی تعداد ریکارڈ 2.9ملین تک پہنچ گئی تھی جبکہ ٹیکس سال 2019ء کیلئے 2.7ملین سے زیادہ گوشوارے جمع کرائے جا چکے ہیں تاہم ان میں مزید اضافہ ہوگا۔