نامعلوم جنگی طیاروں کی بمباری سے شام میں پانچ ایران نواز جنگجو ہلاک

دمشق (عکس آن لائن)شام میں نامعلوم جنگی طیاروں کی البوکمال شہر میں بمباری کے نتیجے میں کم سے کم پانچ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک اور تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزر ویٹری نے بتایاکہ البوکمال شہر کے نواح میں نامعلوم جنگی طیارے کی بمباری سے پانچ ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے۔

شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے گروپ نے 20 مئی کو ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ مشرقی دیر الزور گورنری کے البوکمال شہر میں دسیوں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کی ایک نئی کھیپ پہنچائی گئی ۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق ایرانی جنگجوؤں کو عراق سے بسوں کے ذریعے البوکمال پہنچایا گیا۔حالیہ عرصے کے دوران ایران نے شام میں اپنے جنگجوؤں کی تعداد بڑھانے کے لیے عراق سے افرادی قوت کی منتقلی کا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔

ایران سول بسوں کے ذریعے عراق سے جنگجوؤں کو شام لا رہا ہے۔قبل ازیں سولہ مئی کو نامعلوم جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں البوکمال میں معیزیلہ فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔معیزیلہ ایئربیس ایرانی حمایت یافتہ فورسز کا بریگیڈ 47 کا ہیڈ کواٹر ہے۔ اس بریگیڈ کے ہیڈ کواٹر البوکمال اور الھری میں قائم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں