نارووال

نارووال،نامعلوم ملزمان نے 9سالہ بچے کو مبینہ اغوا ء کے بعد قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینک دی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

نارووال (عکس آن لائن)تھانہ شاہ غریب کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے 9سالہ بچے کو مبینہ اغوا ء کے بعد قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینک دی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوگوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ شاہ غریب کے نواحی قصبہ عیسی میں نامعلوم ملزمان نے نو سالہ بچے عمیر کو مبینہ طور پر اغوا ء کرنے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی۔کمسن مقتول گھر سے چیز لینے کے لیے نکلا اور واپس نہ آیا تو اہل خانہ کو تشویش ہوئی اوردو گھنٹے کی تلاش کے بعد بچے کی لاش قریبی کھیتوں سے ملی۔

تھانہ شاہ غریب پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں اغوا ء اور قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔مقتول والدین کا اکلوتا لڑکا تھا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے شکر گڑھ سے اغوا ء کے بعد 9 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے کر آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم اورمتاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں