وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 10اور11 جون کو اردن کا دو روزہ دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی کانفرنس ”کال فار ایکشن: غزہ کے لیے فوری انسانی ردعمل” میں شرکت کے لئے 10اور11 جون کو اردن کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا اہتمام اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد غزہ میں خوفناک انسانی صورتحال کے پیش نظر اجتماعی ردعمل تیار کرنا ہے۔

کانفرنس کے موقع پر نائب وزیر اعظم کی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ بیان کے مطابق کانفرنس میں پاکستان کی شرکت مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور فلسطینی کاز کے لیے اس کی مضبوط اور دیرینہ حمایت کو واضح کرتی ہے۔