لاہور (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز نے کہا ہے کہ نئے انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، فوج نے نہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سلیمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کا بیان نئے آرمی چیف کو متنازع بنانے کی گھٹیا اور مذموم کوشش ہے، نیوٹرل کو جانور کہنے والے سازشی کا یہ بیان تازہ ڈھونگ ہے، عمران خان بتائے جنرل باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی پیشکش کیوں کی؟ کیا یہ امربالمعروف تھا؟۔
سلیمان شہباز نے اپنے بیان میں سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ اقتدار سے چمٹے رہنے کے لئے تاحیات ایکسٹینشن کی آفرز کرنے والا فتوے نہ دے، گھڑی چور اور توشہ خانہ کا لٹیرا امربالعروف اور ریاست مدینہ جیسے پاک نام لینے کی جرات نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امربالمعروف پر عمل کرتے تو بشری بی بی اور فرح گوگی کو اپنا فرنٹ مین نہ بناتے، شہدا کے خلاف غلیظ مہم نہ چلاتے۔ سلیمان شہباز نے کہا کہ امربالعروف کو چھوڑو اور فنانشل ٹائمز کے خلاف لندن میں ہرجانے کا دعوی دائر کرو، نئے انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، فوج نے نہیں۔