لاہور(عکس آن لائن) نامور فوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ خوش قسمت ہوں کہ میں نے گائیکی کے میدان میں اپنے والد مرحوم کے نام کو بلند رکھا ، ایسی بہت کم مثالیں موجودہیں جس میں کسی فنکار کی جگہ اس کا بیٹا بھی اسی طرح کی کامیابیاں حاصل کرے ۔’’ این این آئی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف لوہار نے کہا کہ میرے والد کو دنیا میں جومقام حاصل تھا وہ میں کبھی بھی حاصل نہیں کر سکتا ۔
میں نے صرف محبتیں ہی سمیٹی ہیں کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ آ پ جتنی محبتیں بانٹیں گے آپ اس سے دو گنا سمیٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میری کامیابی میں میری والدہ کی دعاؤں کابڑا عمل خل ہے ۔ میری ماں مجھ سے پوچھتیں تمہیں کوئی فلم میں ہیرو نہیں لیتاتو میں کہتا کہ ماں فلموں کیلئے اور بہت سے خوبصورت لوگ ہیں لیکن ماں نے تواتر سے پوچھتی رہتیں۔
جب مجھے فلموں میں گلوکاری کا موقع ملا تو میں نے اپنی ماں کو فون کر کے کہا کہ آپ کی دعا قبول ہو گئی مجھے فلموں میں گلوکاری کا موقع ملا ہے لیکن میری ماں نے کہا کہ نہیں تمہیں کسی نے ہیرو نہیں لیا اور پھر ایک دن وہ بھی آیا کہ مجھے فلم میں بطور ہیرو کاسٹ کر لیا گیا او رمیں نے اس پیشکش کو سنتے ہیں سب سے پہلے اپنی ماں کو فون کیا اور میری آنکھوں سے آنسوجاری تھے ۔میں 50سے زائد فلموں میں مرکزی او رمعاون کردار اداکر چکا ہوں اور یہ میری ماں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔