لندن (عکس آن لائن)برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا ہیکہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کے والد شہزادہ چارلس نے ان کا فون اٹھانا بھی چھوڑ دیا تھا۔امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے اپنی دادی ملکہ برطانیہ کی جانب سے انہیں نظر انداز کیے جانے کی تردید کی اور کہا کہ ان کے دل میں اپنی دادی کے لیے بے پناہ عزت ہے۔شہزادہ ہیری نے بتایا کہ ان کی اپنی دادی سے تین مرتبہ گفتگو ہوئی اور جب والد نے فون اٹھانا چھوڑ دیا تھا تو اس سے قبل ان سے دو مرتبہ بات چیت ہوئی تھی لیکن پھر انہوں نے فون اٹھانا بند کردیا تھا۔
شہزادہ چارلس کی جانب سے بیٹے کا فون نہ اٹھانے سے متعلق وجوہات پر بات کرتے ہوئے ہیری کا کہنا تھا کہ کیونکہ میں نے تمام معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے تھے، مجھے اپنی فیملی کے لیے یہ سب کرنے کی ضرورت تھی اور یہ کسی کے لیے حیران کن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعی افسوسناک ہے کہ یہ سب اس نہج پر پہنچ گیا لیکن پھر میں سمجھ گیا کہ میں اپنی ذہنی حالت، اہلیہ اور بیٹے کے لیے کچھ کروں۔