اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اہلیہ شنیرا اکرم سمیت سیلف آئیسولیشن اختیار کرلی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ نے وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم کا عوام میں شعور و اٰگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ وہ دونوں بھی سیلف آئیسولیشن اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ دنوں سے کسی سے مل رہے ہیں اور نہ ہی کہیں آ جا رہے ہیں کیونکہ اس جان لیوا کورونا وائرس سے بچنے کا واحد حل یہی ہے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے وائرس سے بچنے کے لیے کچھ اہم اصولوں پر بھی روشنی ڈالی، سب سے پہلے انہوں نے کم سے کم 20سیکنڈ ہاتھ دھونے کو یقینی بنانے کا کہا اور ساتھ ہی سینیٹائیزر کے استعمال کا بھی کہا۔01 منٹ اور 29سکینڈ کے ویڈیو پیغام میں شنیرا کا کہنا تھا کہ نزلہ زکام، کھانسی کا شکار لوگ جلد از جلد ڈاکٹر سے رجوع کریں اور لوگوں سے دور رہیں۔وسیم اکرم نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اجتماعات سے گریز کریں اور ایک دوسرے کا خیال کریں۔