لاہور( عکس آن لائن) پاکستان کے نامور کامیڈین امانت چن نے کہا ہے کہ میرا اصل نام امانت علی ہے لیکن اتنے سال گزرنے کے باوجود مجھے آج تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میرے نام کے ساتھ علی کی بجائے ” چن ” کا اضافہ کس نے کیا ،ضروری نہیں کہ فحش گوئی سے نام کمایا جائے ، مجھے فخر ہے کہ اسٹیج پر میرے اوپر اس طرح کا کوئی الزام نہیں ہے ۔ ایک انٹر ویو میں امانت چن نے کہا کہ پاکستان کے کامیڈینز نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ماضی میں بھی ان کا طوطی بولتا تھا ۔ خدا کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے کہ مجھے بھی لوگ اسی صف میں شامل سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جگت کے ساتھ اپنے چہرے کے تاثر ات سے لوگوں کو محظوظ کروں اور میرے اس سٹائل کو میرے پرستار بیحد سراہتے ہیں۔ امانت چن نے ایک سوال کے جوا ب میں کہا کہ میرا اصل نام امانت علی ہے لیکن سچ بتانا چاہتا ہوں کہ 1998ء میں میرے نام کے ساتھ علی کی بجائے” چن ” کا اضافہ کر دیا گیا اور مجھے اسی نام سے شہرت مل گئی لیکن مجھے آج تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ” چن ” کا اضافہ کس نے کیا ہے ۔