لاہور (نمائندہ عکس ) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ میرے سابقہ دور کے فلاحی کام آج بھی عوام کو یاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے اٹک کے اراکین پنجاب اسمبلی ملک محمد انور اور ملک جمشید الطاف کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ دعوں کی بجائے عمل پر یقین رکھتا ہوں، میرے سابقہ دور کے فلاحی کام آج بھی عوام کو یاد ہیں۔
چودھری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ ذاتی نمود ونمائس کے بجائے نئے ادارے بنائے جو آج تن آور درخت بن چکے ہیں، اللہ تعالی نے جب بھی موقع دیا،ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ہمیشہ سازشیں کیں، 13 جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے چند ماہ میں ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اس ٹولے سے ملک چل رہا ہے نہ معیشت سنبھل رہی ہئے جبکہ عمران خان اکیلے نے 13 جماعتوں کے کاغذی شیروں کو صفر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ مل کر فلاح وبہبود کے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔