مہنگائی

مہنگائی کی بے قابو ہوتی شرح نے کاروبار کو غیر مستحکم کرکے ایک جگہ پر منجمدکردیا ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور/سیالکوٹ/فیصل آباد/گوجرانوالہ(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے ملک میں جاری سیاسی کشمکش کو معیشت کیلئے زہر قاتل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات سے تاجروں سمیت ہرشعبہ اضطراب کاشکار ہے ،معیشت کے حوالے سے حقیقت پر مبنی اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے توحالات انتہائی گھمبیر ہیں ، مہنگائی کی بے قابو ہوتی شرح نے کاروبار کو غیر مستحکم کرکے ایک جگہ پر منجمدکردیا ہے جو معیشت کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدراشرف بھٹی نے مختلف شہروںس آئے ہوئے تاجروں کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل محبوب سرکی،لاہورکے صدر میاںطارق فیروز،سینئر نائب صدر نعیم بادشاہ،رفعت سلیم ،ملک ناظم،میاںسلیم ،حاجی سعید،شیخ ارشد،خواجہ ندیم سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اشرف بھٹی نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو تحمل وبرداشت کامظاہرہ کرناچاہیے اورسیاسی لڑائی کو اس حد تک نہ لے جایا جائے جس کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوں۔ ملک میں جاری سیاسی کشمکش کی وجہ سے ہر طبقہ اضطراب میں مبتلاہے او ریہ کیفیت معیشت کیلئے زہرقاتل ہے۔ ایسی صورتحال میں مقامی سرمایہ کار خوفزدہ ہو جاتا ہے جس سے مارکیٹ میں سرمائے کی قلت پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت سمیت ہر طرح کے معاملات پر بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں تاکہ ڈیڈلاک کی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک بھرکے تاجروں سے ہونے والے رابطوںمیں کاروبار اورمعیشت کے حوالے سے جواطلاعات مل رہی ہیں وہ حوصلہ افزاء نہیں ہیں اس لئے بہتری کیلئے اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں