کولمبو(عکس آن لائن) سابق ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مکی آرتھر سری لنکا کرکٹ کے ساتھ منسلک ہوگئے۔سری لنکا میڈیا کے مطابق مکی آرتھر کنسلٹنٹ کی حیثیت سے سری لنکا ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے اور مکی آرتھر سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں،مکی آرتھر پہلے ہیڈ کوچ رمیش رتنائیکے کے ساتھ کنسلٹنٹ کی ذمہ دار یاں نبھائیں گے۔
سری لنکا میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے کے بعد مکی آرتھر ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔یاد رہے کہ سابق ہیڈ کوچ پاکستان مکی آرتھر2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے، ورلڈ کپ2019میں غیر تسلی بخش کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے مکی آرتھر کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔