کوئٹہ(عکس آن لائن) بلوچستان کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ مچ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے ایک گروپ کی جانب سے مچ میں تین اطراف سے حملہ کیا گیا تاہم حملے کو فورسز نے کامیابی سے ناکام بنادیا ۔
نگراں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حملے میں کسی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ جانی نقصان ہوا۔قبل ازیں بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچ میں سکیورٹی فوسرز نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)کے دہشت گردوں کے فائر ریڈ کی کوشش کو پسپا کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھیں۔ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملنے پر دہشت گردوں کے لیے گھات لگا رکھی تھی،دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے موثر جواب پر بوکھلا کر پسپا ہوگئے۔