لندن (عکس آن لائن)برطانیہ کی ایک فلاحی تنظیم ’’ کینسر ریسرچ یو کے ‘‘ کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کے برعکس موٹاپا ملک میں کینسر کی چار عمومی اقسام کے کیسز میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔کینسر ریسرچ یو کے نامی تنظیم کے مطابق آنتوں، گردوں، بیضہ دانی اور جگر کا کینسر اب تمباکو نوشی کے بجائے موٹاپے سے ہونے کا زیادہ امکان موجود ہے۔اس تنظیم کا کہنا ہے کہ لاکھوں افراد اپنے وزن کی وجہ سے کینسر کے خطرے کا شکار ہیں اور یہ کہ موٹاپے کے شکار افراد تمباکو نوش افراد کے مقابلے میں تعداد میں دو گنا زیادہ ہیں۔
اس دوران کینسر ریسرچ یو کے کی موٹاپے سے کینسر کے خطرے کی نشاندہی کرتی نئی بل بورڈ مہم پر یہ کہہ کر تنقید کی جا رہی ہے کہ یہ موٹاپے کے شکار افراد کی تضحیک کر رہی ہے،تنظیم پر ماضی میں بھی موٹاپے کے شکار افراد کی تضحیک کا الزام لگتا رہا ہے۔تاہم کینسر ریسرچ یو کے کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو ان کے زیادہ وزن کے لیے قصوروار نہیں ٹھہرا رہی اور یہ کہ اس کی جانب سے تمباکو نوشی اور موٹاپے سے کینسر کے خطرے کا براہِ راست موازنہ بھی نہیں کیا جا رہا۔تنظیم کے مطابق تمباکو نوشی اب بھی مجموعی طور پر برطانیہ میں قابلِ انسداد کینسر کی سب سے بڑی وجہ ہے جبکہ موٹاپا دوسرے نمبر پر آتا ہے۔