راولپنڈی(عکس آن لائن ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مسئلے ایک 2 روز میں حل ہوجائیں گے، حکومت پانچ سال پورے کرے گی،سیاسی جماعتیں سیاسی طریقے سے باتیں منواتی ہیں۔
منگل کو اپنے وڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ کنٹینر میں 4 روز سے استعمال کی گئی زبان کسی صورت میں بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں، بھارت چاہتا ہے پاکستان کے عسکری اداروں پر تنقید ہواور کشمیر کا مسئلہ پس پشت چلا جائے، محمود اچکزئی جیسے لوگوں کا ساتھ رکھ کر ملک کے خلاف انتشار کا تاثر نہیں دینا چاہیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاسی طریقے سے باتیں منواتی ہیں، خوشی ہے حکومت نے دھرنے کا معاملہ دانش مندی سے ہینڈل کیا، مولانا فضل الرحمان جارہے ہیں، ان کے مسئلے ایک 2روز میں حل ہوجائیں گے، اسلام آباد پرسکون ہوگا، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔