اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مافیا کے ساتھ مل کر حکمرانوں کا کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں،دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والوں کواپنی نسل کا مستقبل تاریک نظرآرہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئتر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والوں کواپنی تیسری نسل کا سیاسی مستقبل تاریک نظرآرہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا حکومت سے جھگڑا غریب عوام کے لئے نہیں بلکہ اسعد محمود، آصف زرداری کا جھگڑا بلاول کے لئے، نواز شریف کا جھگڑا مریم کے لیے، شہباز شریف کا جھگڑا حمزہ شہباز کے لئے اوراسفندیار ولی خان کاجھگڑا ایمل ولی کے لئے ہے۔م
عاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ یہ جنگ عمران خان کی ذات کی جنگ نہیں ہے یہ پاکستان پر گزشتہ 35 سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والے مافیا اور 22کروڑ عوام کی جنگ ہے۔ آج جب یہ اکٹھے حکومت سے باہر ہوئے ہیں تو سب یکجا ہو کر منتخب حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 22 کروڑ مظلوم عوام نے اپنی مرضی کا حکمران اپنے اندر سے چنا تو مولانا مافیا کے ساتھ مل کر 31 سال سے ناجائز حکمرانوں کا کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنوا ملک کو انارکی سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم میں ناکام و نامراد ہوں گے۔