اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن آپ اور آپ کے ہم نوا جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں، چار سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز بلند کر کے دس سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔
منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کی بجائے پہلی بار حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا ؟ آپ کی پریشانی یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا مولانا مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں، ان پر رحم کریں، آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کر کے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں، چار سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز بلند کر کے دس سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔