نئی دہلی (عکس آن لائن )بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی دوسری بار اقتدار میں ایک برس مکمل ہونے پر جہاں جشن منا رہی ہے، وہیں اپوزیشن نے اسے بے حس حکومت سے تعبیر کیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت میں حزب اختلاف کے کئی رہنماؤں نے کورونا وائرس کے بحران کے تناظر میں پھیلی بدنظمی کے حوالے سے مودی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنا ایک برس مکمل کیا اور اس مناسبت سے پارٹی جشن کے موڈ میں ہے، تاہم اپوزیشن نے جماعتوں نے اسے اس کا اصل چہرہ دکھانے کی کوشش کی ۔
کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے جشن کے حوالے سے اپنے ایک بیان کا عنوان ’’مجبور عوام اور بے حس حکومت‘‘ رکھا ، پارٹی نے اس ایک برس کومایوسی، تباہ کن بدنظمی، اور شیطانی درد سے تعبیر کیا ،پارٹی نے مزید لکھا کہ مودی کے اقتدار کے ساتویں برس کے آغاز پر بھارت ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں حکومت کے گناہوں کے بوجھ سے عوام تھک چکے ہیں۔
وسیع پیمانے پر تکالیف کے لیے حکومت کی سخت بے حسی اور نہ اہلی عیاں ہے۔کانگریس پارٹی کا کہنا تھا کہ مودی کی حکومت نے دو کروڑ سے زیادہ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم بھارت میں اس وقت بے روزگاری کی شرح 27 فیصد سے بھی زیادہ ہے جو آزادی کے بعد ایک نیاریکارڈ ہے۔ ملک کی معیشت کے تعلق سے کورونا وائرس کی وبا سے پہلے کے جو اعداد و شمار سامنے آئے اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کی معیشت پہلے ہی سے تباہی کے دہانے پر تھی اور مستقبل میں اس کی بہتری کے لیے حکومت کے پاس کوئی واضح لائحہ عمل بھی نہیں ہے۔