اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ہم ایک پرامن قوم ہیں ،حق کیلئے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں،حق خود ارادیت کشمیری بھائیوں کا انسانی ،قانونی حق ہے ،کسی کو بھی انکا یہ حق سلب کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، عوام (آج) کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عوام سے جمعہ کو کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اور ظلم اور بربریت کو کل 60 دن ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پرامن قوم ہیں اور حق کے لئے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اپنے خطاب میں یہی پیغام دیا۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیری بھائیوں کا انسانی اور قانونی حق ہے اور کسی کو بھی انکا یہ حق سلب کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے جو کوئی بھی ایسا کرے یا کرنے کی کوشش کرے اسکو سزا کا حقدار ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار نے کشمیری بھائیوں کا رابطہ پوری دنیا سے منقطع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اور بھارتی فوج حیوانیت کے آخری درجے پر جا چکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی کا ایجنڈا ہٹلر کی طرح فاشسٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی طور پر اس مسئلے کے خلاف اور اس کے حل کے لئے آواز اٹھائی ہے، باقی ممالک کو بھی اس مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو انسانیت کے ناطے اس معاملے پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔