اسلا م آباد(عکس آن لائن)وفاقی حکومت نے منی بجٹ سے قبل ہی 350سے زائد تمام اشیا پر سیلز ٹیکس کی شرح 17سے بڑھا کر 18فیصد جبکہ سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح دگنا سے بھی زائد کر دی ہے، خوردنی تیل، بسکٹ، جام، جیلی اور نوڈلز ،بچوں کے کھلونے، چاکلیٹ، ٹافیاں، خواتین کے لیے میک اپ کا سامان، شیمپو، کریم، لوشن، صابن اور ٹوتھ پیسٹ ،ہیئرکلر، ہیئر ریموور کریم، ہیئرجیل، شیونگ فوم، شیونگ جیل، شیونگ کریم اور شیونگ بلیڈز ،کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، گیجٹس، موبائل، اسمارٹ فونز اور آئی پوڈز پر بھی18 فیصد سیلز ٹیکس ادا کرنا ہو گا،نجی ٹی وی کے مطا بق ایف بی آر نے اضافہ شدہ جی ایس ٹی اور ایف ای ڈی کی وصولی بھی شروع کر دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے سیلز ٹیکس کی شرح بڑھانے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کے نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں،جاری شدہ نوٹیفیکیشن کے بعد ڈبے میں بند تمام اشیا پر بھی سیلز ٹیکس 17سے بڑھا کر 18فیصد کر دیا گیا ہے جس کے تحت خوردنی تیل، بسکٹ، جام، جیلی اور نوڈلز سب مہنگے ہوگئے جبکہ بچوں کے کھلونے، چاکلیٹ، ٹافیاں، خواتین کے لیے میک اپ کا سامان، شیمپو، کریم، لوشن، صابن اور ٹوتھ پیسٹ پر بھی سیلز ٹیکس 18فیصد کر دیا گیا ہے،اسی طرح ہیئرکلر، ہیئر ریموور کریم، ہیئرجیل، شیونگ فوم، شیونگ جیل، شیونگ کریم اور شیونگ بلیڈز پر بھی سیلز ٹیکس 18فیصد کر دیا گیا ہے،
اس کے علاوہ کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، گیجٹس، موبائل، اسمارٹ فونز اور آئی پوڈز پر بھی سیلز ٹیکس 18فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ سیکڑوں الیکٹرانکس مصنوعات ٹی وی، ایل ای ڈی، ایل سی ڈی، جوسر، بلینڈرز، شیکرز اور دیگر الیکٹرانکس مشینری بھی مہنگی کر دی گئیں،گاڑیوں کے شیمپو، گاڑی چمکانے کی کریم اور دیگر سامان، پرفیوم اور برانڈڈ عطر پر بھی سیلز ٹیکس 18فیصد کر دیا گیا ہے۔