سلووینیا

منگل کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے، سلووینیا

لبلجانا(عکس آن لائن)سپین، آئرلینڈ اور ناروے کے بعد سلووینیا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔غیرملکی خبررساں ادار کے مطابق اس حوالے سے منگل 4 جون کو سلووینیا کی پارلیمنٹ ریاست فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے پر ووٹ دے گی۔ پارلیمنٹ کی سپیکر اورسکا کلاکوکر زوپانسک نے یہ اعلان کیا۔ لبلجانا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سپیکر نے وضاحت کی کہ یہ سیشن منگل کو مقامی وقت کے مطابق 1600 اور جی ایم ٹی کے مطابق 1400 بجے شروع ہونے ہوگا۔

حکومت نے اس سے قبل اس حکم نامے کو پارلیمنٹ کی منظوری کے لیے بھیجا تھا۔ جون کے وسط تک یہ عمل مکمل ہونے کا امکان ہے۔ حکم نامے کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکمران اتحاد کے پاس پارلیمنٹ میں 90 میں سے 51 نشستیں ہیں۔لبرل وزیر اعظم رابرٹ گولوب نے کہا کہ یہ امن کا پیغام ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ وقت ہے کہ پوری دنیا دو ریاستی حل کے لیے اپنی کوششوں کو متحد کرے جس سے مشرق وسطی میں امن قائم ہوجائے۔اس کے ساتھ ہی دارالحکومت میں سرکاری ہیڈ کوارٹر پر فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا۔ فوری طور پر اسرائیلی وزیر خارجہ نے سلووینیا کی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کردی۔ وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے کہا کہ یہ فیصلہ، جسے سلووینیا کی پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہے، حماس کے لیے ایک گفٹ ہے۔