منشیات سمگلنگ کیس

منشیات سمگلنگ کیس،رانا ثنا اللہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی،اوپن ٹرائل ہونا چاہیے،رانا ثنااللہ

لاہور(عکس آن لائن)لاہور انسداد منشیات کی عدالت میں منشیات کیس میں رانا ثنااللہ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔ ہفتہ کو انسداد منشیات کی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس پر سماعت کی۔ رانا ثنااللہ کی جانب سے ایڈووکیٹ فرہاد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا کی۔انسداد منشیات فورس کی جانب سے ضمنی چالان عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے۔عدالت نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کیخلاف 15 کلو ہیروئین برآمدگی کیس کی مزید کارروائی 18 جنوری تک ملتوی کر دی

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کیس کا اوپن ٹرائل ہونا چاہئے، اگر کوئی ویڈیو موجود ہے تو عدالت میں لائی جائے، ویڈیو پیش کرنے تک فرد جرم قبول نہیں کرینگے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جھوٹے مقدمے پر حکومت ایکسپوز ہو رہی ہے، اگر کوئی ویڈیو موجود ہے تو عدالت میں پیش کریں، دنیا اور عوام کو الجھانے کیلئے دھوکا دیا گیا، وہ ویڈیو کہاں ہے جس کے بارے میں حکومت ہر جگہ بات کرتی رہی، ویڈیو حکومت کا پردہ چاک کر دیگی۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا نواز شریف کے پیغام میں سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کی عزت ہے، نواز شریف کا پیغام یہی ہے، پارلیمانی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں