لاہور(عکس آن لائن) گلوکارہ آئمہ بیگ نے ان کنسرٹ منتظمین پر سخت تنقید کی ہے جو ان کا نام استعمال کرکے ٹکٹ بیچ رہے ہیں۔آئمہ بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پیمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاک فیسٹ کے کنسرٹ میں جانے سے انکار کرچکی تھیں لیکن پھر بھی ان کے نام پر ایونٹ کے ٹکٹ فروخت کیے گئے۔پاکستان فیسٹیول کے نام سے تین روزہ ایونٹ 12 مارچ سے لاہور کے امین کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوا ہے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میرے انکار کے بعد پروگرام کے منتظمین کو میرا نام استعمال نہیں کرنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے میرا نام استعمال کرکے پیسے بنائے۔آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ منتظمین نے میرے مداحوں کو گمراہ کیا ہے اور وہ مداح میرا نام دیکھ کر ایونٹ کے ٹکٹ خرید رہے تھے۔انہوں نے آرگنائزروں سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کو درست کیا جائے اور میرا نام استعمال نہ کیا جائے۔