اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں 15سے 28مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بھی پیر سے دو ہفتے کےلئے بند ہو جائیں گے۔ بدھ کے روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 5کروڑ بچے مختلف تعلیمی اداروں میں جاتے ہیں، سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں مسائل نظر آئے ہیں، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی میں 15سے 28مارچ تک سکول بند رہیں گے، اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بھی پیر سے دو ہفتے کےلئے بند ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت میں صورتحال بہت بہتر ہے، پشاور اور مظفر آباد میں بھی تعلیمی ادارے 15سے28مارچ تک بند رہیں گے، پابندی کا اطلاق امتحانات میں حصہ لینے والے طلباءوطالبات پر نہیں ہو گا، معان خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاﺅن لگاتے رہے، ماسک کے استعمال پر مستقل زور دے رہے ہیں، شادی ہال سے متعلق پالیسی برقرار رہے گی، تفریحی پارک شام 6بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفاتر میں پچاس فیصد حاضری پر دوبارہ اتفاق کیا گیا ہے، گھر سے50فیصد عملے کے کام کرنے کی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، ہوٹلوں اور شادی ہالز کے اندر 15مارچ سے کھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ معطل کر دیا گیاہے، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے باہر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت ہو گی