فیصل آباد/تاندلیانوالہ(عکس آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش ہمالیہ جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے آج بھی تحریک پاکستان جیسے جذبے کی ضرورت ہے ،تمام اختلافات کو پس پشت ڈا ل کر ایک قوم بننا ہوگا ،ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے اجتماعیت کی سوچ کو فروغ دیا جائے ، حلقے کی عوام کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے97کے دورہ کے موقع پر پارٹی رہنمائوں ، حلقے کے عمائدین اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے چک نمبر595میں حاجی فاروق دیوت ،علی اقدس اور چک نمبر 411میں علی رضا سے ان کے والداورچک نمبر420میں سابقہ چیئرمین ملک اعظم سے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔
ہمایوں اختر نے چک نمبر 433جھوک دتہ میں نوید بلوچ اور سعید آصف بلوچ کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں بھی شرکت کی اور اہل علاقے سے ا ن کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ انتخابات کے بعد میرا اورمیرے ساتھیوں کا حلقے کی عوام سے بلا تعطل رابطہ جاری ہے اور ان شا اللہ جب تک زندگی ہے یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حلقے کے لوگوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے ، وعدے کے مطابق اپنی ذاتی حیثیت میں جو ممکن ہوا وہ علاقے کی ترقی اور عوام کیلئے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو اس حلقے میں جو کچھ ہوا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے لیکن ہم ہرگز مایوس نہیں بلکہ پہلے سے بڑھ کر محنت کریں گے اور حقیقی کامیابی ہمارے قدم چومے گی ۔