لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصا ف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سندھ کے کچھ حصوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جہاں ٹرن آئوٹ 30فیصد سے بھی کم ہے وہاں پر بھی رات گزرنے کے باوجود نتائج نہیں آ سکے،پیپلزپارٹی کی کامیابی کی خبریں چلوا دی گئیںجبکہ مکمل نتائج گھنٹوں گزرنے کے بعد موصول ہوئے ،پیپلزپارٹی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ نے دھاندلی کے سارے ریکارڈ توڑدئیے ہیں ،جس الیکشن کمیشن سے چند اضلاع میں بلدیاتی الیکشن نہیں کروایا گیا وہ جنرل الیکشن میں کیا گند گھولیں گے۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اگر ملک کو آگے لے جانا ہے تو ہر طرح کے نظام کا نئی بنیادوں پر ڈھانچہ کھڑا ہوگا ، ملک میں جب بھی کوئی انتخابات ہوئے ہیں اس میں الیکشن کمیشن کی استعداد ،صلاحیت اور غیر جانبداری پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں لیکن بد قسمتی سے دہائیوں سے حکومتیں کرنے والوںنے اپنے سیاسی فائدے کیلئے اس ادارے کی اصلاح نہیں کی ۔عمران خان اس لئے بار بار کہہ رہے ہیں کہ ملک جس ڈگر پر چل رہا ہے اسے واپس لا کر درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے ملک میں ایک مضبوط اور با اختیار حکومت کی ضرورت ہے ۔