اشرف بھٹی

ملک میں ہیجان اور بے چینی کی کیفیت ہے جس کا وزیر اعظم کو نوٹس لینا چاہیے ‘ مرکزی صدراشرف بھٹی

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے ادارہ شماریات کے ہفتہ وار اعدادوشمار صرف دھوکہ ہیں جبکہ حقیقت میں کئی گنازیادہ مہنگائی ہے ، ملک میں ہیجان اور بے چینی کی کیفیت ہے جس کا وزیر اعظم کو نوٹس لینا چاہیے ،حکومت ٹیکسزکی صورت میںاپنا منافع کم کرنے کے لئے تیار نہیں اور ہرطرح کا بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈالا جارہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن سے اپیل ہے کہ اپنے وزراء ،مشیروں اوربیورو کریسی کی رپورٹس پر آنکھیں بندکر کے یقین کرنے کی بجائے عوام میں آکردیکھیں وہ کس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں،مہنگائی بڑھنے کی وجہ سے عوام کی قوت خریدجواب دے رہی ہے اورجب مارکیٹوںمیںخریدار نہیں ہوں گے توتاجرکسے فروخت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور گیس کی قیمتوںمیںاضافے کے اثرات ہرطبقے پر پڑتے ہیں لیکن سب سے زیادہ نقصان تاجراورغریب طبقات کوہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بننے والی پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے انہیں ایک سطح پر منجمد کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں